
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میچز ہی پی ایس ایل کی حقیقی کامیابی اور بقا کی ضمانت ہیں۔
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میچز ہی پی ایس ایل کی حقیقی کامیابی اور بقا کی ضمانت ہیں۔ چار سیزن ہم بیرون ملک کھیل چکے ہیں اب نہیں تو کب پاکستان کے شائقین کرکٹ پی ایس ایل کے میچز کو اپنے میدانوں پر دیکھیں گے۔ مسلسل چار سال تک بیرون ملک کھیلنا مشکل مرحلہ تھا۔ پاکستان سپر لیگ کی بقا کا دارومدار مکمل طور پر مقابلوں کا انعقاد اپنے میدانوں پر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ لیگ پاکستان میں ہو، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی لیگ کا انعقاد پاکستان میں چاہتے ہیں اس صورت حال میں لیگ کے میچز بیرون ملک کروانے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی۔ ہم پانچواں ایڈیشن اپنا میدانوں پر کھیلنے کے پرامید ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی اتنے لمبے عرصے کے لیے کوئی ٹونٹی ٹونٹی لیگ بیرون ملک نہیں ہوتی۔ اس صورتحال میں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپنے میدانوں پر مقابلوں کا انعقاد کیے بغیر لیگ کو حقیقی کامیابی نہیں مل سکتی۔ پاکستان میں میچز ہونے سے ناصرف کھیل تیزی سے فروغ پائے گا بلکہ اس کے ساتھ دیگر معاشی سرگرمیاں بھی شروع ہو سکتی ہیں۔ اس لیگ سے صرف کرکٹ کی سرگرمیوں کو فائدہ نہیں ہونا بلکہ بیرونی دنیا میں پاکستان کی ساکھ بہت بہتر ہو گی، دنیا کو پرامن پاکستان کا پیغام جائیگا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بھی پانچویں سیزن کے ہوم گراؤنڈ پر انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے ذہن میں اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہے۔
By:
نوائے وقت
https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/lahore/2019-08-07/page-7/detail-13
#LAHOREQALANDARS