News details

پی ایس ایل کے ذریعے بیرونی دنیا سے منقطع روابط بحال ہوئے : عاطف رانا

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا برانڈ ہے۔

10-Sep-2019

لاہور( نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا برانڈ ہے۔ مشکل وقت میں اس لیگ کے آغاز نے مختصر وقت میں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی اہمیت منوائی ہے۔ ہم اپنی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو ایسی چیزیں کم نظر آتی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پہچان بنائی اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اس لیگ کے ذریعے پاکستان کے بیرونی دنیا سے منقطع روابط بحال ہوئے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع ہوا۔ غیر ملکی کرکٹرز کے ذہنوں میں پاکستان کے حوالے سے موجود خوف بتدریج کم ہوا۔ یہ اعزاز پاکستان سپر لیگ کے پاس ہے کہ اس کے انعقاد سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا شروع ہونے والے سفر ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ پی ایس ایل کی وجہ سے کئی نوجوان کرکٹرز فاسٹ ٹریک پر قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔ کئی سینئر کرکٹرز کے کم بیک ہوئے۔ پاکستان سپر لیگ سے سامنے آنے والے آج کئی نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس لیگ کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر اس کو کامیابی سے چلاتے رہنا سب سے بڑا امتحان ہے۔ یہ قومی اثاثہ ہے اور سب کی ذمہ داری ہے کہ اس قومی اثاثے کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹ کو اس سے بہت فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ لیگ نے مختصر وقت میں کامیابی حاصل کر کے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی اس کھیل سے بیپناہ محبت کرتے ہیں۔ آئندہ برس پی ایس ایل کے سارے میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں ہمیں اس کی تیاری بھرپور پیشہ وارانہ انداز میں کرنی چاہیے تاکہ اسکی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہو سکے۔

 

BY:

نوائے وقت

https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/lahore/2019-09-09/page-7/detail-19

#LahoreQalandars